(ویب ڈیسک )ملتان میں جاری پاکستان اور انگلینڈ کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پاکستانی شاہینوں کو 26 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لیاانگلینڈ کو تین میچز کی سیریز میں دوصفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی
انگلش ٹیم کی جانب سے دیے گئے 355 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم 328 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی جبکہ پاکستان کی جانب سے سعود شکیل نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 94 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ امام الحق 60 رنز بنا کر نمایاں رہے،عبد اللّٰہ شفیق اور محمد نواز نے 45، 45 رنز بنائے جبکہ محمد رضوان 30، ابرار احمد 17 اور فہیم اشرف 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے
انگلینڈ کی طرف سے مارک ووڈ نے 4، جیمز اینڈرسن اور اولی روبنسن نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جو روٹ اور جیک لیچ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی،پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے میچ میں 11 اور انگلینڈ کے مارک ووڈ نے میچ میں 6 وکٹیں حاصل کیں
گزشتہ روز ملتان ٹیسٹ کے تیسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے 355 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 4 وکٹ کے نقصان پر 198 رنز بنا لیے تھے،دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن کے پہلے سیشن میں انگلینڈ کی ٹیم 275 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی، جس کے بعد پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 355 رنز کا ہدف ملا۔