سیالکوٹ شہر میں سماجی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے 50کنال اراضی پر جمخانہ سیالکوٹ کی تعمیر کا فیصلہ، ڈپٹی کمشنر عبداللہ خرم نیازی جمخانہ کے پہلے چیئرمین، عمر میر سیکرٹری ہونگے
، جمخانہ کا تعمیراتی کام شروع کرنے کیلئے کنسٹرکشن کمیٹی قائم کر دی گئی جبکہ ابتدائی طور پر دفتر امور چلانے کے لئے تجربہ کار سٹاف جلد بھرتی کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر عبداللہ خرم نیازی کی زیر صدارت جمخانہ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز سیدہ آمنہ مودودی، شاہد عباس، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ یاسر راجہ، ڈی او انڈسٹریز راشدہ بتول، سیکرٹری عمر میر، فضل جیلانی، ڈاکٹر خرم خان، محمد عمران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر عبداللہ خرم نیازی نے بتایا کہ جمخانہ سیالکوٹ کی تعمیر کے لئے خیابان اقبال پارک سے متصل 50کنال اراضی کا انتخاب کیا گیا ہے، جمخانہ کی ممبر شپ فوری شروع کر دی جائے گی، عارضی آفس سرکٹ ہاؤس میں قائم ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر عبداللہ خرم نیازی نے بتایا کہ جمخانہ کے نقشہ کے لئے ماہر آرکیٹکٹس کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں، سیالکوٹ جمخانہ ہر لحاظ سے مثالی ہوگا جس میں مختلف کھیلوں کی سرگرمیوں کے لئے انتظامات، ریسٹوران، سوئمنگ پول،رہائشی کمرے ہونگے۔ انہوں نے بتایا کہ تعمیرات کی نگرانی کیلئے کنسٹرکشن کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جس میں شفیق وریا، ڈاکٹر خرم، قیصر بریار اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹیکنکل محسن علی ریاض کو شامل کیا گیا ہے جبکہ آئندہ اجلاس م یں فنانس کمیٹی اور ایچ آر کمیٹی کے ممبران کے نام بھی تجویز کر دیے جائیں گے۔