وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی خصوصی ہدایت پر پولیٹیکل اسسٹنٹ وزیراعلی پنجاب برائے انسانی حقوق رابنسن عزیز فرانسس نے گجرات جیل کا اچانک دورہ کیا اور اسیران جیل کو فراہم کی جانیوالی بنیادی سہولیات کا جا ئزہ لیا۔ جیل سپرٹنڈنٹ غلام سرور لنگڑیال نے ان کو جیل کا تفصیلی معائنہ کرایا۔رابنسن عزیز نے جیل میں صفائی و ستھرائی اور کچن کا تفصیلی معائنہ کیا۔ جیل میں اسیران کو دیجانیوالی ادویات کے ساتھ ان کو دیجانیوالی طبی سہولیات کا بھی معائنہ کیا۔
رابنسن عزیز نے اسیران جیل کے لواحقین سے بھی ملاقات کی اور انکو درپیش رکاوٹوں بارے دریافت کیا۔ رابنسن عزیز نے جیل انتظامیہ کو ہدایات کی کہ اسیران جیل کا خاص خیال رکھا جائے، وہ اپنی سزا کاٹ رہے ہیں مگر ان کے ساتھ اچھے اخلاق سے پیش آنے پر یقینی طور پر سزا مکمل کرنے کے بعد یہ ایک اچھے شہری بن سکیں گے۔ اس موقع پر رابنسن عزیز کا کہنا تھا کہ کسی بھی شہری کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کسی طور قبول نہیں کی جا سکتی۔ انسانی حقوق کی حفاظت کے لیے ایسے دوروں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس موقع پر جیل سپرنٹینڈنٹ گجرات، ڈائیریکٹر انسانی حقوق محمد یوسف، اسسٹنٹ ڈائریکٹر میاں عمر حیات اور دیگر متعلقہ افراد موجود تھے۔