وزیر اعلیٰ پنجاب کا اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے کنٹریکٹ ملازمین کر ریگولر کرنے کا اعلان
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے گریڈ 9 تک کے کنٹریکٹ ملازمین کو ریگو لرکرنے کا اعلان کر دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ سے وائس چیئرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب مخدوم سید طارق محمود الحسن نے ملاقات کی جس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہیٰ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے 56 ملازمین کو ریگولر کر کے دیرینہ مطالبہ پورا کر رہے ہیں، ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے مخصوص اوورسیز کلب بنایا جائے گا۔ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کی نشاندہی اور حل کیلئے اوورسیز کانفرنس جلد بلائی جائے گی۔ اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کیلئے ون ونڈو ریونیو، نادرا اورایل ڈی اے کاؤنٹرز کو فعال کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ڈسٹرکٹ اوورسیز کمیٹیوں کو نوٹیفائی کر دیا گیا ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کی پنجاب کے ہر محکمے میں بھرپور سپورٹ او رمعاونت کریں گے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی اب او پی سی پنجاب سے اپنی اراضی دستاویزات حاصل کرسکتے ہیں۔ 24/7 ہیلپ لائن کے فنکشنل ہونے سے بیرون ملک مقیم پاکستانی کسی بھی وقت اپنا مسئلہ یا شکایت درج کراسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حقوق کا ہر صورت تحفظ کریں گے۔ دیار غیر میں بسنے والے پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں۔ پنجاب حکومت سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے پرعزم ہے، ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات فراموش نہیں کرسکتے۔