تاجر برادری نے درآمدی سویا بین کنسائنمنٹس کے اجرا کا خیرمقدم کیا ہے اور کہاہے کہ سویا بین کی فراہمی سے ملک میں مرغی اور انڈے کے بحران کا خطرہ ختم ہوگیا ہے ۔ ایوان صنعت و تجارت راولپنڈی کے صدر ثاقب رفیق نے وفاقی حکومت کی جانب سے درآمدی سویابین کی رکی ہوئی 9کنسائنمنٹس کواگلے دو دنوں میں ریلیزکرنے کی منظوری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ درآمدی سویا بین کے کنٹینرز پورٹ پر دو ماہ سے پھنسے ہوئے تھے جن کی کلیئرنس نہیں ہو رہی تھی، کنسائنمنٹس رکنے کی وجہ سے جہاں ٹریڈرز کا اربوں روپے کا نقصان ہو رہا تھا وہاں ملک میں مرغی اور انڈے کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو گئی تھی اور لاکھوں افراد کے بیروزگار ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس اہم مسلے کے فوری حل کے لیے وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ اور چیف بزنس ایڈوائزر ایف ٹی او سہیل الطاف کا فعال کردارقابل ستائش ہے، وفاقی ٹیکس محتسب نے نو دسمبر کو ریلیز آرڈر جاری کیا جس سے کنسائنمنٹس جاری کرنے کی راہ ہموار ہوئی، انہوں نے کہا کہ ایوان صنعت و تجارت راولپنڈی اس موقع پر پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن اور بلخصوص چیئرمین چودہدری محمد اشرف کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہے۔