پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ موجودہ مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران فرنیچر کی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 80.46 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اتوار کو یہاں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زیر جائزہ مدت کے دوران 6,791,000 ڈالر مالیت کا فرنیچر برآمد کیا گیا جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران 3,642,000 ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں نئی عالمی منڈیوں کی تلاش پر توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ پاکستان کے ہاتھ سے تیار لکڑی کے فرنیچر کی عالمی منڈیوں میں بہت مانگ ہے۔ میاں کاشف اشفاق نے حکومت سے اپیل کی کہ فرنیچر کی صنعت کو ایک مکمل شعبہ قرار دیا جائے جس سے اربوں روپے کا زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اٹھارٹی آف پاکستان پر زور دیا کہ وہ پاکستانی مصنوعات کی نمائش کے لیے مزید سنگل کنٹری نمائشوں کا انعقاداور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مشترکہ منصوبوں کے لیے ملک میں مدعو کرے۔
ا ن کا کہنا تھا کہ تمام صوبائی ہیڈ کوارٹرز اور بڑے شہروں میں ایک ہی چھت تلے مصنوعات کی نمائش کے لیے ایکسپو سینٹرز قائم کیے جانے چاہئیں اور غیر ملکی تجارتی مشنز اور سرمایہ کاروں کے وفود کو بھی ان کی بزنس ٹو بزنس میٹنگز کے لیے ایکسپو سنٹرز میں لے جایا جانا چاہیے۔