گجرات ایف آئی اے نے پاسپورٹ آفس گجرات اور نادرا اہلکاروں سمیت 8 افراد کے خلاف جعلی پاسپورٹ تیار کرنے پر مقدمہ درج کر کے سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاسپورٹ آفس گجرات کو 3اہلکاروں سمیت گرفتارکر لیا .
ایف آئی اے حکام کے مطابق ننکانہ صاحب کی رہائشی خدیجہ بھٹی نے درخواست دی تھی کہ اسکے سابق شوہر عابد مقصود سکنہ شیخوپورہ نے اسکے تین بچوں 2 سالہ محمد اذان، 5سالہ محمد خذیفہ اور 7سالہ احمد عمیس عمر کے پاسپورٹ اور دوسری بیوی نرگس عرف نور کے نام سے بوگس ب فارم اور پاسپورٹ تیار کروائے جس پر وہ بچوں کو لیکر بیرون ملک فرار ہو گیا ہے.
ایف آئی اے نے انکوائری میں بوگس پاسپورٹ و دیگر کاغذاتِ کا اجراء ثابت ہونے پر عابد مقصود ، اسکی بیوی نرگس نور، بھتیجے اسد اللہ عقیل،عبداللہ عقیل، مقصودعلی، تسمیہ عقیل، دوست قیصر گورائیہ سکنائے نواپنڈ تحصیل صفدر آباد ضلع شیخوپورہ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاسپورٹ آفس گجرات سعید عباس،ڈیٹا انٹری آپریٹر ظہیر سیال اور کلرک شکور حیدر کے خلاف مختلف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر سعید عباس، ننکانہ صاحب کے قیصر گورایہ ، ظہیر سیال، عبدالشکور کو گرفتارکر کے جیل منتقل کر دیا ہے
ایف آئی اے کے مطابق سابق جوڑے کے درمیان ایک کیس پہلے ہی لاہور ہائی کورٹ میں زیر بحث ہےجبکہ ملزم عابد مقصود اپنے بچوں اور دوسری بیوی کے ہمراہ بیرون ملک فرار ہو چکا ہےاس کے ساتھ ساتھ ایف آئی اے ، نادرا کی جانب سے جعلی رجسٹریشن دستاویزات کے اجراء کی بھی انکوائری کر رہا ہے۔