ریجنل پولیس آفیسر گجرات ڈاکٹر محمد اختر عباس کی سربراہی میں نئے قائم ہونے والے گجرات ریجن کی پہلے تین ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی گئی
گزشتہ تین ماہ کے دوران ریجن بھر میں گزشتہ سال کی نسبت جرائم کی شرح میں نمایا ں کمی واقع ہوئی تفصیلات کے مطابق گجرات ریجن پولیس کو پہلے تین ماہ کے دوران مجرمان اشتہاریوں، کرمنل گینگز، ناجائز اسلحہ برداروں،منشیات فروشوں اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ریجن بھر میں مجموعی طور پر جرائم کی شرح میں نمایا ں کمی واقع ہوئی ہے
حکومت پنجاب نے گجرات،منڈی بہاؤالدین،حافظ آباد اور وزیر آباد کے اضلا ع پر مشتمل گجرات ڈویژن کا قیام 30ستمبر 2022کو عمل میں لایا۔جہاں پر ڈاکٹر محمد اختر عباس کوپہلا ریجنل پولیس آفیسر تعینات کیا گیا۔جن کی قیادت میں پولیس کو گجرات ڈویژن میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئیں۔ پہلے تین ماہ کے دوران گزشتہ سال 2021کی نسبت ریجن میں مجموعی طور پر جرائم کی شرح میں 12%کمی واقع ہوئی۔جرائم برخلاف اشخاص میں 20%کمی،جرائم برخلاف مال میں 27%کمی واقع ہوئی۔ جبکہ لوکل اینڈ سپیشل لاء کے 10% اضافہ کے ساتھ بڑی تعداد میں ناجائز اسلحہ اور منشیات کی ریکوری کی گئی۔
آر پی اوگجرات ڈاکٹر محمد اختر عباس کا کہنا ہے کہ کڑی نگرانی،موثر حکمت عملی،پرو ایکٹو پولیسنگ اور فورس کو متحرک کرنے سے جرائم کی شرح میں کمی واقع ہوئی۔پولیس سماج دشمن عناصر کی سرکوبی کے لئے پوری طرح متحرک ہے۔شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جار رہے ہیں۔سنگین جرائم کرکے بیرون ممالک فرار ہونے والے اشتہاریوں کو انٹرپول کی مدد سے گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جارہا ہے۔