آزاد ایم پی اے بلال وڑائچ کا چودھری پرویز الہٰی کو اعتماد کا ووٹ دینے کا اعلان
لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے پنجاب اسمبلی کے آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے ایم پی اے بلال وڑائچ نے ملاقات کی، اس موقع پر ایم پی اے نے تحریک انصاف کے وژن کی تائید کرتے ہوئے وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کو ووٹ دینے کا اعلان کر دیا۔
ملاقات کے موقع پر تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چودھری، میاں اسلم اقبال سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ فواد چودھری نے بلال وڑائچ کی جانب سے چودھری پرویز الہٰی کو اعتماد کا ووٹ دینے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آزاد ایم پی اے حمزہ شہباز کے کیمپ میں موجود تھے اور اس سے قبل انکو ووٹ دیا تھا۔
فواد چودھری نے مزید کہا کہ بلال وڑائچ نے عمران خان سے ملاقات کے بعد تحریک انصاف کے وژن پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور وڑائچ فیملی بہت جلد تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت اختیار کر رہی ہے ان کے آنے سے پنجاب اسمبلی میں ہمارا مزید 1 ووٹ بڑھ گیا ہے۔
چئیرمین تحریک انصاف عمران خان سے پنجاب اسمبلی کے آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے ایم پی اے بلال وڑائچ کی ملاقات،
ملاقات میں بلال وڑائچ کی جانب سے تحریک انصاف کے وژن کی تائید اور وزیراعلی چوہدری پرویز الہی کو ووٹ دینے کا اعلان
ملاقات کے دوران ایم پی اے بلال وڑائچ نے تحریک انصاف کے نظریے پر عمل پیرا ہونے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ میرے لئے خوش آئند بات ہے کہ پی ٹی آئی میں شامل ہو رہا ہوں، انشااللہ عمران خان کے وژن کے مطابق سیاست کریں گے، تحریک انصاف کی تمام قیادت کا خوش آمدید کہنے پر تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔