عمران خان ہمارے ارکان کا ضمیر خریدنے کیلئے بولیاں لگا رہے ہیں: رانا ثناء
اسلام آباد: رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان مسلم لیگ (ن) اور اس کی اتحادی جماعت (ق) لیگ کے ارکان اسمبلی کا ضمیر خریدنے کے لئے بولیاں لگا رہے ہیں۔
چودھری وجاہت اور حسین الہٰی کی آڈیو لیک پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کا مجرمانہ منصوبہ بے نقاب ہوگیا، ایک معزز خاتون رکن قومی اسمبلی کے اغواء کا مجرمانہ ارادہ اور توہین آمیز گفتگو انتہائی قابل مذمت ہے، پارٹی سربراہ چودھری شجاعت حسین اور ایم این اے فرح خان کو کون سی عدالت انصاف دے گی، چیف جسٹس کو اس آڈیو اور ضمیر کی خریداری کے اعترافی بیانات کا نوٹس لینا چاہئے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی کو بھی اس آڈیو کا نوٹس لے کر کارروائی کرنی چاہئے، قوم نے دیکھ لیا کہ کون ضمیر خریدتا اور بولیاں لگاتا ہے، ڈسکہ میں الیکشن عملے اور ووٹوں کے تھیلے اغوا کرنے والے اب ارکان قومی اسمبلی کے اغواء کے منصوبے بناتے پکڑے گئے ہیں۔
رانا ثناء اللہ کا مزید کہنا تھا کہ یہ کبھی آئی ایم ایف پروگرام ناکام بنانے کی سازش بناتے ہیں تو کبھی سائفر پر جعلسازی کرتے پکڑے جاتے ہیں، طیبہ گل کے اغواء کار، چئیرمن نیب کے بلیک میلر اور بشیرمیمن کو دھمکیاں دینے والے مجرم نئی واردات کی تیاری کرتے پکڑے گئے ہیں، ہیروئن کا جھوٹا مقدمہ بنانے والے اب اغواء کی واردات کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔