ڈ پٹی کمشنرصفدر حسین ورک نے محکمہ ہائیر ایجوکیشن اور پنجاب اسپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام انٹر کالجیٹ چیمنپن شب کا افتتاح کردیا،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پروفیسر طاہر عزیز، ڈسٹرکٹ آفیسر اسپورٹس اینڈ یوتھ آفیئرز احیل باجوہ اس موقع پر موجود تھے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ حکومت پنجاب کھیلوں کے فروغ کے لئے خصوصی اقدامات کررہی ہے،کھیل بچوں کی جسمانی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، پڑھائی کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں میں غیر نصابی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیا جائے,طلبا کھیلوں کے ساتھ ساتھ تعلیمی میدان میں بھی بھر پور محنت کریں اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے بتایا کہ چیمپئن شپ میں گرلز اور بوائز دونوں مختلف مقابلوں میں حصہ لیں گے کرکٹ، کبڈی، ہاکی، بیڈمنٹن سمیت دیگر کھیل اس چیمپئن شپ کا حصہ ہوں گے، ضلعی سطح پر مقابلے 17 فروری تک جاری رہیں گے جبکہ بعد میں ڈویژن کی سطح پر 26 فروری تک جاری رہے گے، میچزگورنمنٹ زمیندار کالج اور گجرات جمنیزیم میں ہوں گے اور شفافیت کو برقرار رکھنے کے لئے ہائیر ایجوکیشن کے افسران اور ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر تمام تر معاملات کی نگرانی کریں گے۔