کمشنر گوجرانوالہ و گجرات ڈویژنز نوید حیدر شیرازی کی ہدایت پر 27 فروری تا 4 مارچ 2023ہفتہ شجر کاری منایا جائے گا ۔ اسی حوالے سے ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔
جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ذوالفقار احمد،فاریسٹ رینج آفیسر، سی ای او ایجوکیشن ، سی ای او ہیلتھ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ امسال ضلع منڈی بہاوالدین کوموسم بہارکی شجر کاری مہم کے تحت 5لاکھ 40ہزار پودے لگانے کا ٹارگٹ دیا گیا ہے ۔
جس کے تحت ایک لاکھ 50ہزار پودے کسان لگائیں گے،90ہزار محکمہ جنگلات، 50ہزار پودے محکمہ ایجوکیشن، 30ہزار محکمہ ہیلتھ، 20ہزار میونسپل کمیٹی اور دو لاکھ کے قریب پودے دیگر محکموں کے دفاتر میں لگائے جائیں گے ۔ جس پر ڈپٹی کمشنرنے محکمہ جنگلات کو دوماہ میں ٹارگٹ مکمل کرنے کا حکم دیا۔ انہوںنے افسران کو ہدایت کی کہ شجرکاری مہم کے تحت تمام محکمے اپنے اپنے دفاتر میں زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں۔
انہوں نے ہائی ویز اور پبلک ہیلتھ کے افسران کو ہدایت کی کہ نئی بننے والی سڑکوں کے اطراف اور گرین بیلٹس پر پودے لگائے جائیں ۔انہوںنے ایجوکیشن افسران کو بھی ہدایت کی کہ ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں جاری شجرکاری مہم کے دوران ہزاروں نئے پودے لگائے جائیں تاکہ طلباءبہترماحولیاتی فضا میں تعلیم حاصل کرسکیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے شجرکاری کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے،ماحول سے فضائی آلودگی ختم کرنے کیلئے ہم سب نے مل کر شجرکاری مہم کو کامیاب بنانا ہے۔
انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول کو سرسبز بنانے کی کیلئے شجرکاری مہم میں اپنا حصہ ڈالیں تاکہ فضائی آلودگی کا خاتمہ کر کے شجر کاری مہم کو مستقل بنیادوں پر فروغ دیا جاسکے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ڈی پی او اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کے ہمراہ ڈی سی آفس کے لان میں پودے لگا کرشجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔