حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی ضلعی اور تحصیل ہیڈکوارٹرز پر ہر ماہ کے پہلے دو دن ریونیو عوامی خدمت کچہریوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے ۔
ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت پہلے روز ڈی سی آفس میں عوامی ریونیو خدمت کچہری کا انعقاد کیا گیا ، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ذوالفقار احمد، اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاوالدین طارق محمود،تحصیلدارمحمود بھٹی، لینڈ ریکارڈسنٹر اور ریونیو افسران سمیت سائلین بھی موجود تھے ۔
ڈپٹی کمشنر نے ریونیو خدمت کچہری میں آئے ہوئے سائلین کے مسائل سن کر حل کرنے کے احکامات جاری کئے ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنرکا کہناتھا کہ ریو نیو عوامی خدمت کچہری حکومت پنجاب کا عوام دوست اقدام ہے، جہاں شہریوں کے ریونیو سے متعلق پیچیدہ مسائل فور ی حل کئے جاتے ہیں ، ان عوامی خدمت کچہریوں میں ریونیوعملہ عوام الناس کی سہولت کے لیے فرد کے اجراء، درستگی ریکارڈ، انتقالات کے اجرا، انکم سرٹیفکیٹ، معائنہ ریکارڈ، رجسٹری، ڈومیسائل کا اجراءاور ریونیو سے متعلقہ دیگر درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے ایک ہی چھت کے نیچے الگ الگ کاﺅنٹرز پر خدمات مہیا کرنے کیلئے موجود ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو ریونیو سے متعلقہ مسائل کے حل کے حوالے سے یہ خدمات ہر ماہ کے پہلے دو دن دفتری اوقات میں صبح 10بجے سے سہ پہر 3بجے تک مہیا کی جاتی ہیں۔ کھلی کچہری میں پیش کی جا نے والی درخواستوں کا مکمل ریکارڈ رکھا جاتا ہے اور مانیٹرنگ بھی کی جا تی ہے۔
انہوں نے ریونیو افسران او رعملہ کو ہدایت کی کہ حکومت پنجاب کے جاری کردہ احکامات پر عمل درآمد میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔خدمت کچہری میں آغاز سے لیکر اختتام تک آنے والے سائلین نے اپنے مختلف ریونیو مسائل کے حوالے سے درخواستیں پیش کیں،جنہیں وہاں پر افسران کی موجودگی میں عملہ نے فوری طور پر کاروائی کر کے موقع پر نبٹا دیا
جبکہ دیرینہ مسائل والی درخواستوں کو جلد حل کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔ضلعی ہیڈکوارٹر کی طرح تحصیل ہیڈکوارٹر پھالیہ اور ملکوال میں بھی اسسٹنٹ کمشنرز کی زیر صدارت ریونیو عوامی خدمت کچہریوں میں ریونیو سے متعلقہ شہریوں کے مسائل سنے گئے