گجرات کے علاقہ دیونہ منڈی نوجوان کے قتل کا معمہ حل ہو گیا باپ ہی قاتل نکلا
سگے باپ نے بھانجے کے ساتھ ملکر اپنے ہی بیٹے کو فائرنگ کر کے قتل کیا۔ملزمان گرفتار
تفصیلات کے مطابق 2فروری کو تھانہ رحمانیہ کے علاقہ دیونہ میں شہزاد بٹ نامی نوجوان کو اس کے گھر کے اندرنامعلوم ملزمان نے گولی مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی لالہ موسیٰ سرکل اورایس ایچ او تھانہ رحمانیہSI احمد حسن پولیس نفری کے ہمراہ فوراً جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی۔ موقع واردات سے کرائم سین یونٹ کے ذریعے شواہد اکٹھے کئے گئے۔ بعد ازاں پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔واقعہ کے متعلق فوری طور پر ڈی پی او گجرات سید اسد مظفر کو بھی آگاہ کیا گیا۔ جنہوں نے ڈی ایس پی لالہ موسیٰ کی زیر نگرانی خصوصی ٹیم تشکیل دے کر ہدائیت کی کہ ملزمان کوجلد از جلد ٹریس کرکے گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔جس پر پولیس نے مقدمہ کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی،اس دوران جدید ٹیکنالوجی کو بھی بروئے کار لایا گیا۔ پولیس کے لئے اندھے قتل کی اس واردات کوٹریس کرنا اور نامعلوم قاتلوں کی گرفتار ی ایک چیلنج تھی۔ ایس ایچ اوتھانہ رحمانیہ اور ان کی ٹیم نے انتہائی محنت سے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے اس اندھے قتل کی واردات کوانتہائی کم عرصہ میں ٹریس کرکے ملزمان کوآلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان کوئی اور نہیں بلکہ مقتول کا سگا باپ محمد ارشد اور کزن حبیب اختر نکلے۔مقتول کے باپ نے دوران انٹیروگیشن انکشاف کیا کہ اسکا مقتول بیٹا ہم پر تشدد کر تا تھا اور جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی تھی جس پرمیں نے اپنے بھانجے کے ساتھ ملکر اپنے بیٹے شہزاد کے قتل کا منصوبہ بنایا۔وقوعہ کی رات میں نے اپنے بھانجے حبیب اختر کو کال کر کے بلایا جس نے گھر کے اندر داخل ہوکر سوئے ہوئے شہزاد کو سر میں گولی ماری جس کی وجہ سے وہ موقع پر جانبحق ہو گیا۔جبکہ حبیب اکرم وقوعہ کے بعد فرار ہو گیا۔میں گرفتاری سے بچنے کے لئے مقدمہ کا خود مدعی بھی بن گیا۔ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔