ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ذوالفقار احمد کی زیرصدارت منڈی بہاوالدین ڈیجیٹل مردم شماری کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں تمام ایریاسپروائزرز کی کارکردگی کا جائزہ لیاگیا۔
انچارچ مردم شماری اختر گوندل نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع منڈی بہاوالدین کی تینوں تحصیلوں میں ڈیجیٹل خانہ و مردم شماری کا عمل کامیابی سے جاری ہے،تحصیل ملکوال 50،پھالیہ47 اور تحصیل منڈی بہاوالدین کے 39 فیصد گھرانوں اور ان میں مقیم افراد کا ڈیٹا اکٹھا کیا جاچکا ہے۔
مردم شماری کی مجموعی کارکردگی کے لحاظ سے ضلع منڈی بہاوالدین پنجاب بھر میں دوسرے نمبر پر ہے۔ اجلاس میں تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، سی ای او ایجوکیشن محمد یاسین ورک، ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر آصف نوید ،ایریا سپروائزر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ قومی ذمہ داری ہے اس کو پورا کرنے کیلے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، تمام سپروائزر اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں اور اپنے فرائض محنت اور ایمانداری سے ادا کریں تاکہ 31 مارچ تک اپنے ٹارگٹ کے حصول کو ممکن بنایا جا سکے ۔انہوں ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنرز قومی ذمہ داری کی بروقت تکمیل کیلئے شمار کنندگان اور سپروائزر ز سے خصوصی اجلاس منعقد کریں اور جہاں ضرورت ہو مردم شماری سٹاف کو ہر ممکن معاونت فراہم کریں۔