ممبر بورڈ آف ریونیو عرفان احمد سندھو نے ضلع منڈی بہاوالدین کا تفصیلی دورہ کیا
ممبر بورڈ آف ریونیو عرفان احمد سندھو نے ضلع منڈی بہاوالدین کا تفصیلی دورہ کیا، اپنے دورے کے دوران انہوں نے گوجرہ، پھالیہ اور منڈی بہاوالدین میں فری آٹا ڈسٹری بیوشن پوائنٹس کا معائنہ کر کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ، اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاوالدین طارق محمود ، اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ عادل عمر وڑائچ، اسسٹنٹ کمشنر ملکوال شاہد بشیر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔بعدازاں انہوں نے ڈی سی آفس میں مفت آٹے کی فراہمی کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے ممبر بورڈ آف ریونیو کو بتایا کہ ضلع میں پنجاب حکومت کے سپیشل رمضان پیکیج کے تحت مفت آٹے کی تقسیم کیلئے کل 21سنٹرز قائم کئے گئے ہیں اور ان سنٹرز پر 166کاونٹرز قائم کئے گئے ہیں،جہاںایک لاکھ 91ہزار 858 مستحق گھرانوں کو 5لاکھ 75ہزار 574بیگز تقسیم کئے جا ئیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک 39ہزار 960بیگز تقسیم کئے جا چکے ہیں جو کہ فیز 1ٹارگٹ کا 20فیصد بنتا ہے۔ ممبر بورڈ آف ریونیو نے بریفنگ سننے کے بعد اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کی جانب سے عوام الناس کو مفت آٹا فراہم کرنے کیلئے اربوں روپے کے فنڈز مہیا کر رہی ہے
لہذا مفت آٹے کی فراہمی میں میرٹ اور شفافیت برقرار رکھی جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ہر آٹا سنٹر پر متبادل انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جائے اور انٹری پرواک تھرو گیٹ نصب کئے جائیں۔ انہوںنے ہدایت کی ہر سنٹر پر میڈیکل کیمپ کا بھی انعقاد کیا جائے جو کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کرے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پنجاب حکومت کے سپیشل رمضان پیکیج کو عوام الناس میں زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کی جائے اور حکومتی ایس او پیز کو مد نظر رکھتے ہوئے رش کو کم کرنے کیلئے سیکورٹی کا مناسب انتظام کیا جائے۔ بعدازاں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر محمد ارشد تارڑ نے گندم خریداری کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع منڈی بہاوالدین کو گندم خریداری کیلئے 4لاکھ 88ہزار بیگز کا ٹارگٹ دیا گیا ہے جو کہ ہر صورت مکمل کر لیا جائے گا۔