حکم عدولی پر عدالت نے ڈی پی او گجرات کی تنخواہ بند کردی
سینئر سول جج فیملی ڈویژن گجرات سید عدنان مہدی نے کیس باعنوان “عاصمہ پروین بنام ضمیر عباس” میں حکم عدولی پر ڈی پی او گجرات احمد نواز شاہ کی تنخواہ بند کرکے اکاونٹس برانچ گجرات سے رپورٹ طلب کرلی
عدالت نے اسی کیس باعنوان بالا میں 26 اپریل 2022 کے حکم کی تعمیل کےلیے متعدد بار ایس ایچ او تھانہ دولت نگر کو حکم دیا تھا بعد ازاں 4 مئی 2023 کےلیے سابق ایس ایچ او تھانہ دولت نگر منشا گھمن کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے تھے لیکن پھر بھی عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ ہوسکا
اب عدالت نے 6 مئی 2023 کو لیٹر نمبر 31 کے تحت ڈی پی او گجرات کو عدالتی حکم پر عملدرآمد کےلیے روبکار جاری کی اس روبکار کو 9 مئی کو عاصم نامی کلرک ڈی پی او آفس نے وصول کیا لیکن عدالتی حکم پر عملدرآمد تو دور کی بات ڈی پی او گجرات کی جانب سے اس لیٹر کا کسی قسم کا کوئی جواب نہیں دیا گیا
ایک سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود بھی عدالت کے حکم کی تعمیل نہ ہونے پر عدالت نے ڈی پی او گجرات کی تنخواہ تاحکم ثانی بند کرکے تنخواہ بند کرنے کی بابت اکاونٹس برانچ گجرات سے رپورٹ طلب کرلی