غیر ملکیوں کے انخلا کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد عالمی سطح پر تنقید ہوئی جبکہ دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ عالمی اصولوں کے مطابق ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) کا بیان دیکھا،انخلاف کے فیصلے کا اطلاق تمام غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں پر ہوتا ہے۔بیان میں ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ منصوبہ نافذ کرنے کے عمل میں حکومت کسی ملک یا شہریت کو ملحوظِ خاطر نہیں رکھ رہی. یہ فیصلہ ہم نے پاکستان کی خودمختاری اور عالمی اصولوں کو سامنے رکھتے ہوئے کیا ہے۔ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں مقیم تمام رجسٹرڈ غیر ملکی، چاہے ان کا تعلق کسی بھی ملک سے ہو. اس کے دائرے سے خارج ہیں۔ پاکستان 40سالوں سے لاکھوں افغان بھائی بہنوں کی میزبانی کررہا ہے۔ دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ عالمی برادری مہاجرین کو تحفظ دینے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر مشترکہ کاوشیں عمل میں لائے۔ پاکستان بھی مہاجرین کی بہتری اور بحالی کیلئے عالمی شراکت داروں کے ساتھ کام جاری رکھےگا۔