لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب کے نجی میڈیکل کالجز میں میرٹ کا اختیار یو ایچ ایس کو دینے کیخلاف درخواستوں کو قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
جسٹس علی باقر نجفی نے پرائیویٹ میڈیکل کالجز کی درخواستوں پر سماعت کی۔
درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پرائیویٹ میڈیکل کالجز کا انتظامی کنٹرول ایچ ای سی کے پاس تھا، یو ایچ ایس پرائیویٹ میڈیکل کالجز کے امتحانات لیتی تھی۔
انہوں نے اپنے مؤقف میں مزید کہا کہ ہر طالب علم کا حق ہے کہ وہ اپنی مرضی کے ادارے میں داخلہ لے۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نجی میڈیکل کالجز کے میرٹ سے متعلق اختیار یو ایچ ایس کو دینے کا اقدام کالعدم قرار دے۔
دورانِ سماعت حکومتی وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست قابلِ سماعت نہیں ہے، عدالت پالیسی میٹر میں مداخلت نہیں کر سکتی۔
حکومتی وکیل نے کہا کہ پہلے ہر ایک بچہ میڈیکل کالج میں الگ الگ ایپلائی کرتا تھا، اب طالب علم ایک ہی بار ایپلائی کر سکے گا، جہاں اس کا میرٹ ہو گا، وہ وہاں داخلہ لے سکے گا۔