یورپین کمیشن کی صدارت کیلئے ارسلا واندرلین ایک بار پھر منتخب ہوگئیں۔
اس حوالے سے آج یورپین پارلیمنٹ میں ان کی توثیق کیلئے ووٹنگ ہوئی جس میں انہوں نے خفیہ رائے شماری کے ذریعے 401 ووٹ حاصل کیے۔
کمیشن کے صدر کے طور پر یہ ارسلا واندرلین کی دوسری مدت ہوگی۔ وہ پہلی بار جولائی 2019 میں منتخب ہوئی تھیں۔
یہ پارلیمنٹ اس وقت 719 ایم ای پیز پر مشتمل ہے، اکثریت حاصل کرنے کیلئے 361 ووٹ درکار تھے۔
آج ہونے والی ووٹنگ خفیہ کاغذی بیلٹ کے ذریعے ہوئی۔ جس میں سے 401 ایم ای پیز نے ارسلا واندرلین کے حق میں جبکہ 284 نے انکی مخالفت میں ووٹ ڈالا۔ اس کے علاوہ 22 ووٹ خالی یا غلط ہونے کی بنا پر مسترد کر دیے گئے۔
قبل ازیں ووٹنگ سے پہلے ارسلا واندرلین نے ایم ای پیز کے سامنے آئندہ پانچ سالوں کےلیے اپنی سیاسی ترجیحات پیش کیں۔
پارلیمنٹ سے اپنی توثیق کے بعد اگلے مرحلے میں منتخب صدر اب رکن ممالک کے سربراہان مملکت یا حکومت کو باضابطہ خطوط بھیجیں گی جس میں انہیں یورپی کمشنر کے عہدوں کے لیے اپنے امیدواروں کو پیش کرنے کی دعوت دی جائے گی۔
اس کے بعد پارلیمنٹ موسم گرما کے بعد متعلقہ کمیٹیوں میں نامزد افراد کی سماعت کا اہتمام کرے گی۔ اس کے بعد کمشنروں کے مکمل کالج کی پارلیمنٹ سے توثیق کی ضرورت ہوگی