سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ کی جانب سے مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ایک ہفتے کے دوران آنے والے زائرین کے اعدادو شمار جاری کئے گئے ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ نے بتایا کہ ایک ہفتے کے دوران مسجد نبویؐ کا 57 لاکھ 35 ہزار 16 افراد نے دورہ کیا، پانچ لاکھ 27 ہزار152 زائرین نے روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر حاضری دی۔
اس سے قبل ایک بیان میں سعودی عرب میں مقدس مساجد کے امور کی جنرل اتھارٹی کا کہنا تھا کہ مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم 1445 ھ میں ایک سال کے دوران 281 ملین زائرین اور نمازیوں نے حاضری دی، جو گزشتہ ھجری سال کے مقابلے میں 25 ملین زیادہ ہیں‘۔
مسجد نبویؐ روضہ شریفہ میں 11 ملین افراد نے نماز ادا کی اور روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر نذرانہ عقیدت پیش کیا، پچھلے سال کے مقابلے میں یہ تعداد 1.8 ملین زیادہ ہے۔
روضہ شریفہ کا رقبہ 330 مربع میٹر ہے جس میں فی گھنٹہ 800 افراد کی گنجائش ہے۔ اوسطا ہر آنے والوں کو 10منٹ کا وقت دیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ روضہ شریفہ میں زائرین کے داخلے کو آسان بنانے کے لیے چار مراحل سے گزرنا پڑتا ہے، سب سے پہلے نسک اور توکلنا ایپلیکیشن کے ذریعے اپائنمنٹ کی تصدیق، ای ڈیوائسز سے کیو آر کوڈ سکین کرنا پھر زائرین کو کچھ دیر انتظار کے بعد روضہ شریفہ میں بھیج دیا جاتا ہے۔
سعودی عرب میں مقدس مساجد کے امور کی جنرل اتھارٹی نے سکیورٹی اور انتظامی اداروں کے تعاون سے زائرین اور نمازیوں کے لیے روضہ شریفہ میں نماز اور روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر حاضری کے عمل کو آسان بنانے کیلیے کام کیا ہے