پارلیمان کے ایوان بالا (سینیٹ) میں اپوزیشن لیڈر سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ بعض لوگ ممبران کو توڑنے، اٹھانے اور اکٹھا کرنے میں لگے ہیں۔
سینیٹ اجلاس سے خطاب میں شبلی فراز نے کہا کہ آج ہمیں اجلاس کے لئے بلایا گیا، سارے ملک میں باز گشت ہے کہ نئی آئینی ترمیم لائی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم جمہوری نظام میں ایک معمول ہے، آئین اور قوانین میں ترمیم ایوان کا مینڈیٹ ہے، جو قوانین ملک کی خوشحالی کے لیے ہوں، وہ ایوان کی بنیادی ذمے داری ہیں۔
اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ ترمیم کے لیے کچھ چیزیں لازم ہیں، بلز کمیٹی میں لے جانے کی بجائے بلڈوز کیےجاتے ہیں، عام قوانین کےلئے تیاری نہیں ہوتی۔
شبلی فراز نے کہا کہ بعض لوگ لگے ہوئے ہیں کہ ممبران کو کیسے اکٹھا کیا جائے، کیسے توڑا جائے اور کیسے اٹھایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئینی ترمیمی بل آپ نے اتحادیوں اور اپنے ممبران کے ساتھ شئیر نہیں کیا، آپ کیا روایت قائم کر رہے ہیں، آپ نے اپوزیشن تو کیا اپنے ممبران سے بھی آئینی ترمیم شیئر نہیں کی۔
پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ رحیم یار خان ضمنی الیکشن کا الیکشن کمیشن نے فوری نوٹیفیکشن کیا۔