اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین برادرانہ تعلقات ہمیشہ قائم رہیں گے۔وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کو ان کے 94ویں یوم الوطنی کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عزت ماآب شاہ سلمان بن عبد العزیز اور شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب اکیسویں صدی کے عظیم ملک کی حیثیت سے ابھرا ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کا ویژن 2030 دنیا بھر کے لیے مثالی نمونہ ہے. آج کے دور میں سعودی عرب کاروبار، ٹیکنالوجی، معیشت اور دیگر شعبوں میں ترقی پزیر ممالک کی مثالی قیادت کر رہا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دینی اور ثقافتی اقدار پر مبنی تاریخی تعلقات ہیں. پاکستان اور سعودی عرب نے تمام مشکلات میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کی معیشت کے حالیہ استحکام میں سعودی عرب کے تعاون کے لیے پوری قوم مشکور ہے. پاکستان اور سعودی عرب کے مابین برادرانہ تعلقات انشاء اللہ ہمیشہ قائم رہیں گے۔