زندگی میں خوشی اور کامیابی حاصل کرنے کے 101 طریقوں پر سینکڑوں کتابیں لکھی جا چکی ہیں، غم، ناکامی اور سُستی سے بچنے کے ہزاروں نسخے موٹیویشنل اسپیکرز کی ویڈیوز میں مل جاتے ہیں، لیکن کیا ہو اگر ہم آپ کو بتائیں کہ اِن تمام مسائل کا حل صرف ایک چیز جو آپ کے دماغ میں موجود ہے، اس پر کنٹرول کر کے ممکن ہے ۔
جی ہاں! اس خاص چیز کو ڈوپامین کہتے ہیں، یہ دماغ میں خارج ہونے والا ایک ایسا کیمیکل ہے جو خواہشات کو جنم دے کر خوشی اور انعام حاصل کرنے کی خواہش پیدا کرتا ہے۔
یہ ڈوپامین ہی ہے جو ہمیں کچھ کرنے یا کچھ نہ کرنے پر اکساتا ہے، ہمارے مزاج، ہماری قوتِ ارادی اور ہماری حوصلہ افزائی و محرک کو ڈوپامین ہی کنٹرول کرتا ہے۔
مطالعہ اور جسمانی ورزش کرنی ہو یا گھنٹوں بیٹھ کر ریلز دیکھنی ہوں، یہ ڈوپامین ہی ہے جس کی وجہ سے ہم کوئی چیز بار بار کرتے ہیں یا بالکل چھوڑ دیتے ہیں۔
ڈوپامین کی وجہ سے ہی ہم اپنے کاموں کی ترجیحات طے کرتے ہیں، ہم وہ کام کرنا زیادہ پسند کرتے ہیں جس میں ڈوپامین زیادہ ریلیز ہوتا ہے اور جہاں ڈوپامین کم ہو وہ کام ہم ٹالتے رہتے ہیں۔
خیال رہے کہ ضرورت سے زیادہ ڈوپامین ریلیز ہونا بھی ہمارے لیے خطرناک ہے کیونکہ اس کے بعد نارمل چیزیں ہمیں بورنگ لگنے لگ جاتی ہیں اور ذہنی و طبی مسائل کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
ڈوپامین آپ کو کبھی صحیح غلط کا فرق نہیں بتائے گا اور جب بہت زیادہ ڈوپامین ریلیز ہو گا تو آپ صحیح غلط کا فرق ویسے ہی بھول چکے ہوں گے اور ہر وہ کام کریں گے جس میں زیادہ سے زیادہ ڈوپامین ریلیز ہو۔
اسے کنٹرول کیسے کریں؟
ڈوپامین ہماری اچھی اور بری دونوں طرح کی عادتوں کا ذمے دار ہے، ریسٹورنٹس کے کھانوں سے لے کر سوشل میڈیا الوگرتھم تک ہر چیز ہمارے ڈوپامین لیول کو متاثر کرنے کے لیے تیار کی جا رہی ہے۔
اس سے بچنے کے لیے سب سے پہلا طریقہ یہ ہے کہ ہمیں easy اور non-useful ڈوپامین کے جھانسے میں نہیں آنا، اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ اپنی زندگی کو بورنگ بنا لیں، آپ ہر چیز کا تجربہ کریں لیکن اسے اپنی عادت نہ بنائیں۔
آپ کی روزمرہ کی سرگرمیاں خواہشات نہیں ضرورت کے تابع ہونی چاہئیں، دنیا کی کامیاب ترین شخصیات کے بارے میں سوچیں، کیا وہ بھی اپنا سارا سارا دن ریلز دیکھنے میں گزارتے ہوں گے؟
اس کا ایک حل Dopamine detox یا Dopamine fasting کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، اس کا مطلب یہ ہے کہ ایک بار اِس سائیکل کو بریک کر کے اپنے آپ کو اس سے باہر لانا ہو گا، تاکہ آپ اپنے فوکس کو دوبارہ بحال کر سکیں اور اپنی زندگی کو بامعنی بنا سکیں۔
یاد رکھیں کہ اپنی زندگی میں فوکس، ڈسپلن اور ذمے داری کے احساس سے آپ ڈوپامین کا مثبت استعمال بھی کر سکتے ہیں، دنیا کی ہر کامیاب شخصیت میں آپ کو یہ خصوصیات ضرور ملیں گی۔