میڈیکل یونیورسٹیز میں داخلوں کے متعلق تحریری ٹیسٹ کے اجلاس میں مبینہ بدمزگی پر سکھر آئی بی اے ٹیسٹ سروس کے قائم مقام سیکریٹری ڈاکٹر سچانند سولنکی نے استعفیٰ دے دیا۔
ڈاکٹر سچانند سولنکی نے اجلاس میں پیش آئے واقعے کی رپورٹ ایس ٹی ایس کی بورڈ آف ڈائریکٹر کو بھیج دی، جس میں کہا گیا کہ میڈیکل یونیورسٹیز میں داخلوں کے متعلق تحریری ٹیسٹ کیلئے اجلاس منعقد کیا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ یونیورسٹی وی سی ڈاکٹر آصف شیخ کی زیر صدارت اجلاس میں ٹیسٹنگ کمپنی حکام نے شرکت کی، اجلاس میں تلخ کلامی، بدمزگی پیدا ہوگئی، فائلیں پھینکی گئیں اور گلاس توڑے گئے، بدتمیزی اور چیخ و پکار پر وائس چانسلر ہال میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
مہتاب اکبر راشدی کا مؤقف
اس معاملے پر بورڈ آف ڈائریکٹر ایس ٹی ایس مہتاب اکبر راشدی کا مؤقف بھی سامنے آگیا۔
سب تک نیوز سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے مہتاب اکبر راشدی نے کہا کہ ڈاکٹر سچانند سولنکی نے رپورٹ کی کاپی سب کو بھیجی ہے، مجھے بھی ملی ہے، یہ بورڈ کا نہیں سکھر آئی بی اے کا انتظامی معاملہ ہے۔
مہتاب اکبر راشدی نے کہا کہ بورڈ آف ڈائریکٹر ایس ٹی ایس اس معاملے میں دخل اندازی نہیں کر سکتا، اس معاملے کو وائس چانسلر خود حل کریں گے۔
ترجمان سکھر آئی بی اے کا بیان
ترجمان سکھر آئی بی اے کا کہنا ہے کہ بعض شرپسند جھوٹی داستانیں بنا کر امتحان کے ہموار انعقاد میں خلل ڈالنا چاہتے ہیں، آئی بی اے ٹیسٹنگ سروس شفافیت، میرٹ کے ساتھ ایم ڈی کیٹ کا انعقاد کرے گی، پی ایم ڈی سی کے نصاب کے مطابق پرچہ تیار کیا جائے گا۔