لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والوں کو دوسروں کے بچے استعمال کرنے کی بجائے اپنی فیملیز سمیت احتجاج کے لئے باہر نکلنا چاہئے۔ الجہاد الجہاد کا نعرہ لگانے والے پہلے قاسم، سلیمان اور ٹیریان سے جہاد کو لیڈ کروائیں۔ جو ریاست کے خلاف اٹھ کھڑا ہونے کو جہاد کہتے ہیں ان کے خلاف خارجیوں جیسا ہی سلوک ہو گا۔ سموگ سے زیادہ پی ٹی آئی خطرناک ہے، سموگ صحت کو خراب کرتی ہے جبکہ پی ٹی آئی پاکستان کی معیشت کے لئے زہر قاتل ہے۔ ہمارے ملک میں چٹ پٹی خبر بنانے کے لئے کسی بھی حد تک جانا جائز سمجھا جاتا ہے۔ وہ بات جس کا پورے افسانے میں ذکر نہیں ہوتا اسے خبر بنا دیا جاتا ہے۔ ذرائع کو بنیاد بنا کر ایسی ایسی خبریں گھڑ دی جاتی ہیں کہ بندہ دنگ رہ جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ڈائیلسز کے مریضوں کے لئے ڈائیلسز کارڈ کا اجرا کر رہی ہے۔ ڈائیلسز کے مریضوں کو 10 لاکھ تک ڈائیلسز کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ پاکستان کی معیشت بڑی مشکل سے پاؤں پر کھڑی ہوئی ہے۔ معیشت کے حوالے سے خبروں میں سیاست ڈال دینا افسوس ناک بات ہے۔ پاکستانی معیشت کے حوالے سے اچھی خبریں آنا شروع ہوئی ہیں۔ پنجاب واحد صوبہ ہے جو اس مالیاتی سال کے آخر تک 630 سے 680 ارب روپے کا سر پلس بجٹ دے گا۔ جو خاتون خود کو غیر سیاسی کہتی تھی وہ اب بانی پی ٹی آئی کے پیغامات جماعت کو پہنچا رہی ہے۔ یہ خاتون پردوں کے پیچھے چھپ کر کیوں سیاست کر رہی ہے۔ فیصلہ کر لیں علیمہ باجی نے سیاست کرنی ہے یا بشریٰ بی بی نے۔ وزیر اعلٰی نے نو ماہ کی حکومت میں کوئی چھٹی نہیں کی۔ اگر علاج کیلئے ایک ہفتہ کی چھٹی پر گئیں تو خواہ مخواہ بات کا بتنگڑ بنا دیا گیا۔ اگر مریم نواز لندن نہ جاتی توکیا سموگ کم ہو جاتی؟
الجہاد الجہاد کہنے والے قاسم سلیمان اور ٹیریان سے جہاد کو لیڈ کرائیں: عظمیٰ بخاری
Previous Articleادارے دہشت گردی سے متعلق پالیسی کا دوبارہ جائزہ لیں: حافظ نعیم
Next Article سونے کی قیمت میں دوسرے روز بھی بڑا اضافہ