کراچی (رپورٹ / اعجاز احمد) سندھ کے سینئر وزیرو صوبائی وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ہم وفاقی حکومت کے اتحادی نہیں، لیکن ہم نے غیر مشروط طور پرحکومت کی حمایت کی تھی، تاکہ جمہوری نظام آگے چلے، دریائے سندھ پر مزید نہروں کی تعمیر کے حوالے سے حکومت سندھ کے شدید تحفظات ہیں، صوبہ پہلے ہی پانی کی قلت کا شکار ہے، اس معاملے پر ہمارا موقف اٹل ہے، پی ٹی آئی کے لوگوں نے اپنے لیڈر کے کہنے پر اس وقت سوشل میڈیا پر ڈیجیٹل دہشت گردی شروع کر رکھی ہے۔
وہ منگل کو یہاں سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے دفتر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔
سینئر وزیر نے میں کہا کہ 24 نومبر کو احتجاج کی کال دینے والا وہی ٹولہ ہے جو ملک میں انارکی اور انتشار پھیلانا چاہتا ہے، ملکی معیشت میں بہتری آ رہی ہے، کاروباری سرگرمیوں کو فروغ مل رہا ہے، لیکن کوئی قوت چاہتی کہ پاکستانی معیشت کا پہیہ نہ چلے، یہ لوگ ملکی معیشت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں.
سیاست دانوں کو بلیک میل کیا جا رہا ہے کہ جو 24 نومبر کو 5 ہزار افراد نہیں لائبگا اسے آئندہ انتخابات میں ٹکٹ نہیں دیا جائبگا، یہ وہی یرغمالی ٹولہ ہے جو ملک کو یرغمال بنانے کی کوشش کرکے چاہتا ہے کہ افراتفری ہو، خدانخواستہ 9مئی جیسے ہولناک واقعات ہوں، اگر کوئی سمجھتا ہے کہ بندوق یا بدمعاشی کے زور پر ریاست سے اپنی باتیں منوا لے گا !تو میں سمجھتا ہوں کہ یہ بیووقوفی ہے ، کل کو دہشت گرد تنظیمیں بھی اس طرح کر سکتی ہیں،ہم ہمیشہ آزادیء صحافت کی بات کرتے ہیں
پیپلز پارٹی ملک کی واحد جماعت ہے، جب بھی اقتدار میں رہی، اس کا بدترین میڈیا ٹرائل ہوا، 2008 ءکی حکومت کے دوران پیپلز پارٹی کو حدف بناکر میڈیا ٹرائل کا نشانہ بنایا گیا۔