پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 24 نومبر کے احتجاج کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں بھی درخواست دائر کر دی گئی۔
درخواست گزار جلال الدین نے پشاور ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کی ہے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ 24 نومبر کو ہونے والے احتجاج سے امن کی صورتِ حال کو سنگین خطرہ ہے، صوبائی حکومت کے اعلانات کی وجہ سے کاروبار متاثر ہو رہا ہے۔
درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ پی ٹی آئی کو احتجاجی مارچ سے روکا جائے، احتجاج میں صوبے کے کروڑوں روپے ضائع ہوں گے، پہلے ہی صوبہ امن کی بدترین صورتِ حال سے دوچار ہے۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت شہریوں کو آئینی حقوق دینے میں ناکام ہو چکی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کے 24 نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والے احتجاج کو رکوانے کے لیے درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ احتجاج سے اسلام آباد پر لشکر کشی کا تاثر ملا رہا ہے، بغیر اجازت اس قسم کے احتجاج سے ملک میں لاقانونیت کا تاثر ملتا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پی ٹی آئی کے غیر قانونی احتجاج کو روکنے کا حکم دیا جائے۔