انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے 9 مئی کے ملزم عثمان ڈار کے بیرون ملک جانے کے معاملے پر ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ایف آئی اے اور ڈی جی امیگریشن کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا۔
نوٹس میں کہا گیا کہ 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کے مرکزی ملزمان کے بیرون ملک جانے پر پابندی ہے، جی ایچ کیو حملہ کیس کے ملزمان پر تھانہ آر اے بازار میں مقدمہ درج ہے۔
نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ ملزم عثمان ڈار امریکا گیا ہوا ہے بیرون ملک جانے سے کیوں نہیں روکا گیا؟ ہدایات کی گئی تھیں ملزم کے بیرون ملک جانے کیلئے عدالت سے اجازت ضروری ہے، ملزم عثمان ڈار کی بیرون ملک روانگی اے ٹی اے کے سیکشن28 کی خلاف ورزی ہے۔
نوٹس میں کہا گیا کہ ملزم عثمان ڈار کی عدم موجودگی کے باعث کیس میں فرد جرم کی کارروائی میں تاخیر ہوئی۔
عدالت نے ڈی جی ایف آئی اے اور ڈی جی امیگریشن کو 22 نومبر تک جواب داخل کرنے کا حکم دے دیا۔
توہین عدالت کا شوکاز نوٹس اے ٹی سی راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے جاری کیا۔