پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 24 نومبر کے احتجاج کے خلاف درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ آگیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کا کہنا ہے کہ امن قائم رکھنے کیلئے اسلام آباد انتظامیہ قانون کے مطابق تمام اقدامات کرے، انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ قانون کی خلاف ورزی نہ ہونے دی جائے۔
عدالت نے کہا کہ یقینی بنایا جائے کہ شہریوں کے کاروبار زندگی میں کوئی رخنہ نہ پڑے، پُرامن احتجاج اور پبلک آرڈر 2024 دھرنے، احتجاج، ریلی وغیرہ کی اجازت کے لیے مروجہ قانون ہے، اسلام آباد انتظامیہ مروجہ قانون کے خلاف دھرنا، ریلی یا احتجاج کی اجازت نہ دے۔
عدالت نے سیکریٹری داخلہ کو وزیر داخلہ یا کسی متعلقہ شخص کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیتے ہوئے کمیٹی کو پی ٹی آئی کی قیادت کے ساتھ رابطہ کرنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ کمیٹی پی ٹی آئی قیادت کو بیلاروس کے صدر کے دورے کی حساسیت سے آگاہ کرے، عدالت کو یقین ہےجب یہ رابطہ ہوگا تو کچھ نا کچھ پیشرفت ہوگی۔
خیال رہے کہ تاجر رہنماؤں کی جانب سے پی ٹی آئی احتجاج کےخلاف درخواست دائر کی گئی تھی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی عدالت میں فوری سماعت کی گئی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی بھی اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے تھے۔