بالی ووڈ کے معروف ریپر آدتیہ پرتیک سنگھ سسودیا عرف بادشاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اے آر رحمٰن نے میرے گانے ’ہما ہما‘ کے ریمکس کو ناپسند کرنے پر مجھ سے معافی مانگی تھی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق گلوکار بادشاہ کا شمار ان چند گلوکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے ماضی کے سُپر ہٹ کلاسک گانوں کے ریمکس پیش کیے، جن پر انہیں اکثر تنقید کا سامنا بھی رہا۔
اب حال ہی میں بادشاہ نے بتایا کہ میں جانتا تھا کہ ’ہما ہما‘ کو کس طرح بادشاہ کے انداز میں پیش کرنا ہے کہ اصل گانے کی روح مجروح نہ ہو اور گانا ایک نئے انداز میں بھی پیش ہو جائے۔
اس کے باوجود گلوکار کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا بالخصوص ’ہما ہما‘ گانے کے اصل موسیقار اے آر رحمٰن کی جانب سے، انہوں نے ریمکس پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔
اس حوالے سے بادشاہ نے بتایا کہ جب میں نے ہما ہما کیا تو مجھے بہت تنقید کا سامنا کرنا پڑا، رحمٰن صاحب بھی بہت ناخوش تھے۔
بادشاہ نے مزید بتایا کہ بعد ازاں اے آر رحمٰن نے مجھے فون کیا اور کہا کہ مجھے افسوس ہے کہ مجھے یہ سمجھنے میں وقت لگا کہ یہ ایک اچھا گانا ہے۔
بھارتی ریپر کے مطابق جب اے آر رحمٰن کی جانب سے اس طرح کا ردِعمل آیا تو میرے لیے اس سے بڑی اور اہم بات کچھ نہیں تھی کیونکہ مجھے اس بات کی توقع نہیں تھی۔
واضح رہے کہ 1995ء میں ریلیز ہونے والی فلم بمبئی کے گانے ’ہما ہما‘ کو کافی پزیرائی ملی تھی۔
اس وقت یہ گانا سُپر ہٹ رہا بعد ازاں اسے2017ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’اوکے جانو‘ کے لیے ریمکس کیا گیا۔
گلوکار و ریپر بادشاہ نے اس کے علاوہ اور بھی کئی ہٹ ریمکس گانے پیش کیے ہیں جن میں گورے گورے مکھڑے پہ کالا چشمہ اور تما تما قابلِ ذکر ہیں۔