مغربی بنگال اسمبلی میں ریاستی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی حکومت کا پیش کردہ اینٹی ریپ بل منظور کر لیا گیا۔
دارالحکومت کولکتہ سے بھارتی میڈیا کے مطابق مغربی بنگال اسمبلی نے مختصر بحث کے بعد متفقہ طور پر بل منظور کیا اور اپوزیشن نے ممتا بنرجی کی ترینمول کانگریس حکومت کو مکمل سپورٹ فراہم کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق متاثرہ شخص کی موت یا مستقل معذوری پر بل میں ریپ کے مرتکب افراد کی سزائے موت کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ بل کو منظوری کیلئے پہلے بنگال کے گورنر اور پھر صدر کے پاس بھیجا جائے گا۔
منگل کو منظور کیے جانے والا ’اپراجیتا‘ بل (اینٹی ریپ بل) کا مقصد خواتین کے خلاف اس گھناؤنے جرم کا ارتکاب کرنے والوں کو تیزی سے سزا دی جاسکے۔
اس موقع پر ممتا بنرجی نے کہا کہ آر جی کار ریپ و قتل کیس کے ملزم سنجے رائے پھانسی کی سزا دی جائے، انھوں نے سی بی آئی سے انصاف فراہم کرنے کو کہا۔
انھوں نے اس موقع پر وزیراعظم مودی، وزیر داخلہ اور اتر پردیش و گجرات کے وزرائے اعلیٰ کے استعفے کا مطالبہ بھی کیا جو خواتین تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہے۔
یاد رہے کہ 9 اگست 2024 کو کولکتہ کے آر جی کار میڈیکل کالج اسپتال میں 31 سالہ پوسٹ گریجویٹ تربیتی ڈاکٹر کے ساتھ زیادتی اور قتل کا واقعہ پیش آیا تھا۔ وہ اسپتال کے سیمینار ہال میں چہرے پر زخموں کے ساتھ مردہ پائی گئی تھیں۔