گجرات ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میں قائم وزیر اعلیٰ پنجاب “اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کے سلسلے میں قائم انفارمیشن کاؤنٹر کا جائزہ لیا
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی ہدایات پر ضلع گجرات میں بھی “اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس پروگرام کا مقصد عوام کو گھر کی تعمیر کے لیے مالی معاونت فراہم کرنا ہے، جس کے تحت 7 سال کی مدت تک بلا سود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے تحت گھر کی تعمیر کے لیے شہریوں کو 15 لاکھ روپے تک بلا سود قرضہ فراہم کیا جائے گا۔ اس قرضے کے تمام سروس چارجز حکومت پنجاب خود ادا کرے گی تاکہ عوام کو مزید کسی مالی بوجھ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ شہریوں کی سہولت کے لیے تمام تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنر کے دفاتر میں ہیلپ ڈیسک قائم کر دیے گئے ہیں، جہاں شہری اپنے مسائل کے حل کے لیے رجوع کر سکتے ہیں اور پروگرام کی تفصیلات حاصل کر سکتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت درخواستیں جمع کروانے کے لیے شہری “acag.punjab.gov.pk” پر جا کر آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔ شہری معلومات کے حصول کے لیے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر سے بھی رجوع کر سکتے ہیں۔ اہلیت کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ دیہی علاقوں میں 1 سے 10 مرلہ پلاٹ کے مالکان اور شہری علاقوں میں 1 سے 5 مرلہ پلاٹ کے مالکان اس قرضے کے لیے درخواست دینے کے اہل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے عوام سے اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی اپیل کی ہے تاکہ وہ اپنے خوابوں کا گھر تعمیر کر سکیں۔