سابقہ امیدوار این اے 64 بیگم قیصرہ الٰہی نے کہا ہے کہ میں گجرات کے اپنے تمام بھائیوں کو یہ بات بخوبی بتانا چاہتی ہوں کہ ہمارے مخالفین آئے روز خبروں کی شکل میں بالکل جھوٹا پراپیگنڈہ کرتے رہتے ہیں جس کا حقیقت سے دور دور تک واسطہ نہیں ہوتا
لیکن آپ سب بھائیوں کو اس بات کا یقین ہونا چاہئے کہ جیسا چودھری پرویز الٰہی صاحب نے پہلے بھی دو ٹوک کہا ہے اور اب بھی ان کا ایک ہی موقف ہے کہ جب تک گجرات کے لوگوں کا مینڈیٹ واپس نہیں کریں گے اور جوز یا دتیاں انہوں ہمارے لوگوں کے ساتھ کی ہیں ان کی معافی نہیں مانگیں گے ان سے سیاسی حوالے سے کوئی بات نہیں ہوگی۔
بیگم قیصرہ الٰہی نے ملاقات کے حوالے سے کہا کہ ملاقات ضرور ہوئی اور وہ ہم سب بہنوں کی موجودگی میں ہوئی ملاقات میں صرف ظہور پیلس گجرات کے تنازعہ کے حوالے سے گفتگو ہوئی جس کو انہوں نے الیکشن کے دوران بھی مسئلہ بنائے رکھا۔
چودھری پرویز الٰہی صاحب خود بھی ان سے کوئی بات نہیں کرنا چاہتے کیونکہ ان کو اس بات پر بھی بڑا غصہ ہے جو سلوک یہ الیکشن کے دنوں میں ہمارے ساتھ اور ہمارے بھائیوں کے ساتھ کرتے رہے۔
لِہٰذا میں اپنے بھائیوں کو ایک بار پھر یقین دلاتی ہوں کہ آپ لوگ بالکل مطمئن ہو جائیں، ہمارے بھائی جو مشکل حالات میں ہمارے ساتھ کھڑے رہے ان کی مشاورت کے بغیر کبھی کوئی بات ہو ہی نہیں سکتی نہ ہی ان کو اعتماد میں لیے بغیر اپنے مخالفین سے بات کرنے کا سوال پیدا ہوتا ہے، البتہ یہ ملاقات صرف گھر کی تقسیم کے حوالے سے تھی جس میں نہ کسی قسم کا راضی نامہ ہوا اور نہ ہی کوئی سیاسی بات زیر بحث آئی۔