سندھ کے ضلعی عدالتوں میں مقدمات جلد نمٹانے کیلئے ریوارڈ پالیسی کا ازسر نو اجراء کردیا گیا۔
کراچی سے سندھ ہائیکورٹ کے اعلامیہ کے مطابق نئی پالیسی کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہوگا۔ پالیسی کے تحت ججز کو کیسز نمٹانے پر یونٹس ایوارڈ کے طور پر دیے جائیں گے۔
سندھ ہائیکورٹ کے اعلامیہ کے مطابق ضلعی عدالتوں کے ہر جج کو ہر ماہ 125 یونٹس حاصل کرنا لازمی ہوگا۔ مسلسل دو ماہ تک مطلوبہ یونٹ اسکور نہ کرنے والے جج کی کارکردگی خراب تصور ہوگی۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ خراب کارکردگی والے جج کو ہائیکورٹ کا مانیٹرنگ جج سمن کرے گا اور انکوائری ہوگی۔
عدالت عالیہ کے اعلامیے کے مطابق قتل اور ریپ کیس میں گواہی ریکارڈ کرنے پر ایک یونٹ اور دیگر کیسز میں آدھا یونٹ دیا جائے گا۔ کیس کی ججمنٹ دینے پر تین یونٹس دیے جائیں گے۔