وزیرآباد(ضمیر کاظی )عدالتی حکم امتناعی کے باوجود کمرشل زمین پر قابض ہونے کے لیے مسلح افراد کا زمین مالکان پر حملہ، برسوں سے بنے کمرے اور دیواریں مسمار کر دیں مویشیوں کے چارہ کو آگ لگا کر قبضہ کرنے کی کوشش۔مدعی کا کہنا ہے کہ مقامی پولیس کا رویہ بھی مشکوک ہے ملزمان ناجائز قابض ہونا چاہتے ہیں جان کو خطرہ ہے
تفصیلات کے مطابق وزیرآباد سیالکوٹ روڈ نالہ ایک کے قریب سڑک پر واقع 26 کنال اراضی 18 سال قبل وزیرآباد کے رہائشی طارق محمود کی والدہ نے نواحی گائوں چک ستیہ کے رہائشی صالح محمد سے خریدی اور قبضہ لے کر حویلی مال مویشی و کمرہ جات ٹیوب ویل وغیرہ کے لیے بنا لیے 18 سال گزرنے کے بعد چک ستیہ کے رہائشی احسن کھرل اور اسکے ساتھیوں نے قائم شدہ حویلی کے کمرہ جات دیواریں مسمار کر دیں
ملزمان نے مویشیوں کے لیے محفوظ کیے گئے چارہ کو بھی آگ لگا دی۔محکمہ مال کے ریکارڈ کے مطابق زیر قبضہ اراضی جسکا خسڑہ نمبر 775،776،777، ہے طارق محمود وغیرہ اسکے مالک و قابض ہیں جبکہ ہر سال کی گرداوریاں بھی مدعیان کے پاس موجود ہیں
مدعیان کا موقف ہے کہ ملزمان احسن وغیرہ قیمتی اراضی جو کہ اب کمرشل صورت اختیار کر چکی ہے پر ناجائز قابض ہونا چاہتے ہیں پولیس کی جانب سے کوئی مثبت کردار سامنے نہ آیا ہے جبکہ ملزمان علاقہ میں دھندناتے پھر رہے ہیں اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں مدعی و قابض اراضی طارق محمود نے وزیر اعلی پنجاب، کمشنر گجرات اور ڈی آئی جی پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ ہماری دادرسی کی جائے اور ملزمان کے شر سے بچایا جائے ۔