ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ذوالفقار احمد نے ہفتہ شجرکاری مہم کے تحت ڈسٹرکٹ جیل منڈی بہاوالدین میں پودا لگایا اور مہم کی کامیابی کیلئے دعا بھی کی۔ اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ جیل، اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاوالدین طارق محمود ، ڈویژنل فاریسٹ آفیسر ارشاد اللہ گوندل اور دیگر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد کا کہنا تھا کہ درخت قدرت کا انمول تحفہ ہیں، زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ہم وطن عزیز کے ماحول کو نہ صرف خوبصورت بنا سکتے ہیں بلکہ شجر کاری کے فروغ سے ماحولیاتی آلودگی سے نجات پا سکتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ درخت لگانا انسانی صحت اور ماحول کیلئے بے حد مفید ہے ۔
انسانوں کو سانس لینے کیلئے آکسیجن کی ضرورت ہوتی ہے جو کہ درختوں ہی سے حاصل ہوتی ہے۔شجرکاری کا مفہوم صرف درخت لگانا ہی نہیں بلکہ ان کی مناسب دیکھ بھال اور تناور درخت بننے تک ان کی نگہداشت بھی نہایت ضروری ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ سرکاری دفاتر ، گھروں کے لانز اور دیگر دستیاب اراضی پر شجرکاری مہم بھر پور طریقے جاری رکھی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر ذمہ دار شہری کا یہ قومی اور اخلاقی فریضہ ہے کہ وہ اپنے گلی، محلوں اور کھلی جگہوں پر زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور ان کی نگہداشت کیلئے شجرکاری کی اہمیت اور افادیت سے دوسروں کو بھی آگاہ کریں