پاکستان تحریک انصاف گجرات کے سابق ایم پی اے و ضلعی صدر چوہدری سلیم سرور جوڑا کو لاہور کے ہسپتال سے ڈسچارج کروا کر دریائے چناب پر گجرات پولیس کی جانب سے منگل کی سہ پہر حراست میں لئے جانے کے بعد رات گئے ضلع نارووال کی تحصیل ظفروال کے تھانہ میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج مقدمہ میں نامزد کر دیا گیا
رات گئے ڈی ایس پی سٹی گجرات اسد اسحاق کی قیادت میں سب انسپکٹر شفقت بٹ، صغیر بھدر نے انہیں نفری کے ھمراہ تھانہ ظفروال منتقل کیا جہاں انہیں 09 مئی کو ختم نبوت چوک ظفروال میں ہونیوالے احتجاجی مظاہرہ کے 29 نامزد اور 26 نامعلوم افراد کے خلاف درج مقدمہ نمبر 689/23 میں نامزد کر کے تفتیش شروع کر دی
مقدمہ میں پولیس نے چوہدری سلیم سرور جوڑا سمیت دیگر اضلاع کے 3 ملزمان پر انسداد دہشت گردی سمیت 7 دیگر دفعات عائد ہونے پر ریمانڈ لینے کیلئے انہیں ظفروال کی مقامی عدالت پیش کیا جس میں چوہدری سلیم سرور جوڑا کے وکلاء کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے ان سمیت تینوں ملزمان کو رہا کرنیکے احکامات جاری کر دیئے دوسری جانب گجرات پولیس انہیں مزید کسی مقدمہ میں گرفتار کرنے کیلئے دوبارہ متحرک ہو گئی۔